
اسلام آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت رانا احسان افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار اصلاحات کے ذریعے ہی پاکستان معاشی خودانحصاری کے ہدف کو حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے، برآمدات کو فروغ دینے اور خود انحصاری کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
رانا احسان افضل نے بتایا کہ حکومت “اڑان پاکستان پروگرام” کے تحت معاشی استحکام کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے واضح کیا کہ معاشی خودانحصاری کا حصول صرف پائیدار اصلاحات سے ہی ممکن ہے، اور اس سلسلے میں حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو بڑھانے پر بھی کام کر رہی ہے۔
DATE . June/18/2025