
لاہور:وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پالیسیوں پر موثر اندازمیں عملدرآمد اور ادارہ جاتی اصلاحات میں سینئر سول سرونٹس کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی صرف موثر پالیسی سازی سے ہی نہیں بلکہ حکومت کی تمام سطحوں پر اس کے موثر نفاذ سے مشروط ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کولاہورمیں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج لاہور میں لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ یہ لیکچر حال ہی میں کورس میں شامل کیے گئے ’’سٹریٹجک پالیسی ڈائیلاگ‘‘ کا حصہ تھا۔ 124 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی سمت، مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے اور پیچیدہ پالیسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی مضبوطی کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے شرکا کو حکومت کی جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے آگاہ کیا جن کا مقصدکلی معیشت کے استحکام کو تقویت دینا، ٹیکس کے دائرہ کارکووسعت دینا ، عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانا اور حکمرانی میں شفافیت و جوابدہی کو فروغ دینا ہے.
وزیرخزانہ نے پالیسی پر موثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی اصلاحات میں سینئر سول سرونٹس کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی صرف موثر پالیسی سازی سے ہی نہیں بلکہ حکومت کی تمام سطحوں پر اس کے موثر نفاذ سے مشروط ہے۔
انہوں نے مالیاتی پائیداریت، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ماحولیاتی وموسمیاتی لچک جیسے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سٹریٹجک سوچ، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور بین الوزارتی ہم آہنگی کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی،اس تعاملی نشست نے شرکا کو پالیسی کے تقابلی پہلوئوں، اصلاحات کے تدریجی نفاذ اور بدلتے ہوئے عالمی معاشی منظرنامے پر کھل کر گفتگو کا موقع فراہم کیا۔
وزیر خزانہ نے افسران کو تلقین کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں مستقبل بین اور حل پر مبنی طرز فکر اختیار کریں،یہ لیکچر سٹریٹجک پالیسی ڈائیلاگ کے سلسلے کا حصہ تھا جس کا مقصد قومی قیادت اور سینئر سول سروس افسران کے درمیان اہم حکمرانی اور معاشی ترجیحات پر براہِ راست رابطے کو فروغ دینا ہے۔
DATE . Feb/14/2026


