
اسلام آباد:پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے سال 2025 کی عالمی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں پاکستانی پاسپورٹ نے بتدریج بہتری کے بعد دنیا کے ٹاپ 100 پاسپورٹس میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ پاکستانی شہری اب دنیا کے 32 ممالک میں ویزہ فری سفری سہولت حاصل کر سکیں گے، جو ایک اہم سفارتی اور انتظامی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ادارے کی جانب سے کی گئی مسلسل اصلاحات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن کی بدولت دنیا بھر میں اس کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے مزید کہا کہ شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے جلد ہی ایک پاسپورٹ موبائل ایپ متعارف کروائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ کی درخواست دے سکیں گے، جس سے نظام میں شفافیت، سہولت اور وقت کی بچت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے یہ کہا کہ ای پاسپورٹس ہولڈرز کے لیے ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں پر ای گیٹس کی سہولت بھی جلد فراہم کی جائے گی، جس سے بین الاقوامی سفر مزید آسان، تیز اور محفوظ ہو جائے گا۔
پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں یہ بہتری نہ صرف انتظامی کامیابی ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص میں بہتری اور شہریوں کے لیے نئے مواقع کے در کھلنے کی امید بھی بڑھ گئی ہے۔
DATE . June/29/2025