اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبہ کی پاکستانی کمپنیوں نے 10 ایشیا پیسفک آئی سی ٹی الائنس انٹرنیشنل ایوارڈز (اے پی آئی سی ٹی اے)2024 جیت لئے ہیں۔ پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے کہا ہے کہ اے پی آئی سی ٹی اے ایوارڈز 2024 کی تقریب دارالسلام برونائی میں منعقدہوئی۔ پاشا کے حکام نے کہا کہ پاکستان برانڈ چیک میٹ بینکنگ انشورنس اور فنانس کی کیٹیگری میں پہلے نمبر پر جبکہ میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ کیٹیگری میں ٹکٹ والا اور ریٹیل اینڈ ڈسٹری بیوشن ذیلی کیٹیگری میں ایڈلیٹک اے آئی میں ایوارڈز اپنے نام کئے ہیں۔ اسی طرح نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبا نےہیم اے آئی ڈی ایکس کیٹگری میں ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
مزید برآں نسٹ کالج آف ای ایم ای اور ایئریونیورسٹی آف ایرو سپیس اینڈ ایوسی ایشن نے بھی ایوارڈز جیتنے والوں میں شامل ہیں۔ پاشا کے چیئرمین محمد عمیر نظام نے کہا کہ انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی ) کی سب کیٹیگری میں پاکستان کی کمپنی اے ایل ای ایف ونر قرار پائی ہے جبکہ مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں ایڈلیٹک نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے جو آئی ٹی کے شعبہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ اے پی آئی سی ٹی اے کے رکن ممالک میں پاکستان، آسٹریلیا ، بنگلہ دیش، برونائی ، چین ، ہانگ کانگ، انڈونیشیا ، جاپان ، مکائو، ملائیشیا ، میانمار، نیپال، سنگاپور، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں۔ پاشاکے چیئرمین نے اس توقع کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی ایوارڈز کے حصول کے نتیجہ میں پاکستان میں آئی ٹی اور آئی ٹی کی خدمات کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔