
کراچی: کہا جاتا ہے کہ موسیقی کی کوئی زبان نہیں ہوتی البتہ سُروں کے ذریعے دلوں کو جوڑا جاسکتا ہے ، ایسا ہی کچھ پاکستانی بینڈ خود غرض کے کراچی میں منعقد ہونے والے حالیہ کنسرٹ میں ہوا۔
راک بینڈ ’خودغرض‘ اپنے منفرد انداز کی وجہ سے نوجوانوں میں خاصہ مقبول ہے لیکن کراچی میں ہونے والا کنسرٹ خودغرض کے لیے بھی ایک منفرد تجربہ ثابت ہوا۔ اس کی وجہ آنجہانی بھارتی گلوگار زوبن گارگ کو پیش کیا جانے والا ٹربیوٹ تھا۔
خودغرض کی جانب سے زوبن گارک کا مقبول ترین گانا ’یا علی‘ پرفارم کیا گیا۔
یہ گانا 2006 میں بالی وڈ کی فلم گینگسٹر کے لیے زوبن نے گایا تھا اور پاکستان بھارت دونوں ممالک میں خاصہ مقبول تھا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر انوراگ باسو تھے جبکہ کاسٹ میں کنگنا رناوت، عمران ہاشمی، شائنی اہوجہ سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔
بینڈ کی جانب سے جب زوبن کے گانے پر پرفارمنس پش کی گئی تو سامعین خوشی سے جھوم اٹھے۔
کنسرٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور بھارتی میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھی خبر کی صورت میں شائع کی گئیں۔
اس ٹربیوٹ کو کیوں پیش کیا گیا ؟
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں خود غرض کے ووکلسٹ فرخ صدیقی نے بتا کہ ان کا بینڈ اس سے پہلے بھی زوبن کے گانوں پر پرفارم کرچکا ہے البتہ ان کے دنیا سے چلے جانے کا غم میوزک سے محبت رکھنے والے ہر شخص کو ہے، اس لیے کنسرٹ میں زوبن کو خراج عقیدت پیش کیا اور کراچی والوں نے جس طرح ساتھ دیا وہ قابل تعریف ہے ۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ گلوکار زوبن گارک گزشتہ ماہ سنگاپور میں پرفارم کرنے کے لیے گئے تھے جو ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے 19 ستمبر کو زوبن کی موت کی تصدیق کی گئی جس کی وجہ تیراکی بتائی گئی تھی۔ان کی موت کی خبر نے دنیا بھر میں ان کے فینز کو غمگین کردیا ۔
زوبن نے 30 سے زائد زبانوں میں گیت گائے، ان کے گانوں میں آسامی ثقافت اور میوزک کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔
پہلگام واقعے کے بعد سے دونوں ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی برقرار ہے، حال ہی میں فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ اور ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ بھی خاصی دشواری اٹھانے کے باوجود بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کی گئیں تھیں ۔
ایشیا کپ میں بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی سرد مہری، ٹرافی نہ لینے کے ڈرامے اور کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے کے قصے بھی اب دونوں ملکوں کی تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔
ایسے میں محبت کا پیغام پہنچانے کا دوسرا راستہ کیا ہے؟
پاکستانی بینڈ خودغرض کے منیجر ارسلان علی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’کرکٹ اور میوزک دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اپنا کردار ادا کرتے آئے ہیں لیکن بدقسمتی سے ایشیا کپ میں باہمی تعلقات کے بجائے فاصلے بڑھتے دکھائی دیے اس لیے ہم نے سوچا کیوں نہ میوزک سے دلوں کو نرم کیا جائے‘۔
پاکستانی بینڈ کی جانب سے زوبن گارک کو پیش کیے جانے والے ٹربیوٹ کو سوشل میڈیا صارفین ایک مثبت قدم تصور کررہے ہیں۔
DATE . Oct/12/2025


