پاکستان-آذربائیجان توانائی شراکت داری میں نئی پیش رفت، مشترکہ کمپنی اور ایل این جی معاہدہ طے

News Image

باکو — وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آذربائیجان کا اہم دورہ کیا، جو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان توانائی کے شعبے میں جاری اسٹریٹیجک شراکت داری اور سرمایہ کاری کے تسلسل کی علامت ہے۔ دورے کے دوران وزیر پیٹرولیم کی آذربائیجان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں، جنہوں نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر آذربائیجان الہام علیوف نے وزیر علی پرویز ملک کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ لاچین میں ہونے والا پاک، ترکیہ، آذربائیجان سہہ فریقی اجلاس تینوں برادر ممالک کے بھائی چارے اور یکجہتی کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی شراکت داری نئی منزلوں کو چھو رہی ہے اور اسے توانائی کے شعبے میں مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیرِ پیٹرولیم نے آذربائیجان کے وزیراعظم علی اسادوف، وزیر توانائی پرویز شہبازوف، اور وزیر خزانہ میکائیل جباروف سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ توانائی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، اور مشترکہ منصوبہ جات پر گفتگو کی گئی۔

آذربائیجان نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں سرفہرست آذربائیجان سٹیٹ آئل کمپنی (سوکار) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان ایل این جی فریم ورک معاہدے کی تین سالہ توسیع شامل ہے۔

دورے کے دوران سوکار اور پی ایس او کے درمیان سنگاپور میں مشترکہ تجارتی کمپنی قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے “باکو انرجی ویک” سے خطاب کرتے ہوئے عالمی توانائی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترکش پیٹرولیم کے سی ای او احمد ترکوگلو اور اماراتی کمپنی مبادلہ کے چئیرمین شیخ منصور سے توانائی شراکت داری بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

یہ دورہ پاکستان کے توانائی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو رہا ہے۔

DATE.JUN/5/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top