اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک کے درمیان ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے افسران کے لیے ٹریننگ پروگرامز کے آغاز پر بھی گفتگو ہوئی۔ نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی اور ایف آئی اے کے ساتھ آسٹریلوی اداروں کے اشتراک کار بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، جس میں محسن نقوی نے ٹیم کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Date . Nov/28/2025



