پاکستان اور ازبکستان کا 2ارب ڈالر تک دوطرفہ تجارت بڑھانے پراتفاق ، تعاون کے 29 معاہدوں پر دستخط

News Image

اسلام آباد:پاکستان اور ازبکستان نےمعاشی اور اقتصادی شعبے میں تعاون کو وسعت دیتے ہوئے دو طرفہ تجارت کو دو ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے ۔دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے 29معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔

وزیراعظم اور ازبک صدر شوکت مرزائیوف نےتجارتی حجم اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے پروٹوکول پر دستخط کیے ۔دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ورکنگ ایکشن پلان مرتب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے ۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی ۔دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔پاکستان اور ازبکستان نے ترجیحی تجارت کے معاہدے کے تحت اشیا کی فہرست میں توسیع کے پروٹوکول کی دستاویز طے پا گئی ۔

دونوں ملکوں کے درمیان انٹرریجنل فورم کے قیام کا بھی معاہدہ ہوا ہے۔ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے بھی معاہدہ طے پایا ہے ۔دونوں ملکوں میں کان کنی اور جیوسائنسزکے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ستاویز کا تبادلہ ہوا ہے ۔پاکستان اور ازبکستان نے سزا یافتہ افراد کے تبادلے کا معاہدہ کیا ہے ۔نشہ آور ادویات کی سمگلنگ روکنے کے لیے بھی دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے ۔

دونوں ملکوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ کیا ہے ۔دونوں ملکوں میں سائنسی ، تعلیمی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تحقیق کے شعبے میں معاہدہ طے پایا ہے ۔پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے معاہدے کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں نے غذائی تحفظ کے شعبے میں معاہدے ، زرعی تحقیق میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت اور پلانٹ پروٹیکشن کے شعبے میں تعاون کے پروٹوکول پر بھی اتفاق کیا ہے۔پاکستان اور ازبکستان نے میری ٹائم شعبے میں تعاون اور تجارت میں سہولت کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ کیا ہے ۔

دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے لیے ایکشن پلان کی دستایز بھی طے پائی ہے ۔موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔دونوں ملکوں میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقی کے لیے تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے ایم او یو کی دستاویز طے پائی ہے ۔

ادویہ سازی کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔پاکستان اور ازبکستان نے کھیل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ کیا ہے ۔دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادیات،تعلیم،احتساب اور دیگر شعبوں میں آٹھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا پہلے بھی اعلان ہو چکا ہے ۔

DATE . Feb/6/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top