
راولپنڈی: انڈونیشیا کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین کی سربراہی میں راولپنڈی میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج اور وزارت دفاعی پیداوار کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کو ایک قریبی دوست اور برادر مسلم ملک سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اہم روابط نے دفاعی پیداوار کے تعلقات کو نئی رفتار دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جافری شمس الدین نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے عمل کو تیز کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا ہراج نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور خیر سگالی کے جذبات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے انڈونیشیا کے حکام کو دفاعی تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2026 میں فعال شرکت کی دعوت بھی دی۔
انڈونیشیا کے وفد کی جانب سے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین نے پرتپاک مہمان نوازی پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے جس کی ثقافت بھرپور، جمہوریت فعال اور معیشت متحرک ہے۔ دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر طویل المدتی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔
DATE . Jan/13/2026


