پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال بعد براہِ راست فضائی رابطہ بحال

News Image

ڈھاکہ :پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال کے طویل وقفے کے بعد براہِ راست فضائی رابطہ بحال ہو گیا۔ بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے ڈھاکہ سے کراچی کے لیے اپنی پہلی براہِ راست پرواز کا آغاز کر دیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

افتتاحی پرواز مکمل مسافروں کے ساتھ حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈھاکہ سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کے مشیر برائے شہری ہوابازی و سیاحت ایس کے بشیر الدین، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر، سیکریٹری وزارتِ شہری ہوابازی و سیاحت، چیئرمین سول ایوی ایشن اتھارٹی آف بنگلہ دیش، منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے شہری ہوابازی و سیاحت نے ڈھاکہ–کراچی روٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس براہِ راست پرواز سے رابطوں میں بہتری، سیاحت کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز بتدریج پروازوں کی تعداد میں اضافہ اور کرایوں میں کمی کرے گی تاکہ سفر کو عوام کے لیے مزید قابلِ برداشت بنایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش کے عوام پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثے اور متنوع کھانوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے بتایا کہ یہ اقدام بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور پاکستان کے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے اس وژن کا عکاس ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے گزشتہ سال اگست میں ڈھاکہ کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے براہِ راست پروازوں کی فوری بحالی پر اتفاق کیا تھا، جس کا عملی آغاز آج ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے نوجوانوں، تعلیمی، ثقافتی، تجارتی، عوامی اور خاندانی روابط کو فروغ ملے گا۔

ہائی کمشنر نے اس موقع پر حکومتِ بنگلہ دیش، بمان بنگلہ دیش ایئرلائنز اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا براہِ راست پرواز کے آغاز میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی پرواز کے مسافروں نے براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی پر خوشی اور جوش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان اور بنگلہ دیش کو مزید قریب لانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

DATE . Jan/30/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top