
بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بیجنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان–چین وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کی مشترکہ صدارت کی۔
مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، تجارت، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے اور دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔
DATE . Jan/5/2026


