
ابوظہبی:وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سہیل محمد المزروعی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ابوظہبی میں جاری “گلوبل ریل اینڈ انفراسٹرکچر کانفرنس اینڈ ایگزیبیشن” کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریل اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلال اظہر کیانی نے یو اے ای حکومت کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر وزیر سہیل المزروعی کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کو باہمی تجربات سے سیکھنے کا بہترین موقع قرار دیا۔
بلال اظہر کیانی نے متحدہ عرب امارات کے جدید انفراسٹرکچر، بالخصوص “اتحاد ریل پروجیکٹ” کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے سراہا۔ دونوں وزراء نے پاکستان میں ریل نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، خطے میں روابط کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے لیے پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیر مملکت کی یو اے ای حکومت کی دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ تعاون کے مزید مواقع پر بات چیت کی گئی۔
DATE . Oct/4/2025