
اسلام آباد:اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وسیع پیمانے کی ہنگامی مشق (AIRCON-25) کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی۔تمام پروازیں اور سفری خدمات مشق کے دوران بلا تعطل جاری رہیں جبکہ سخت حفاظتی اقدامات کے تحت معمول کے ہوائی اڈے کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق یہ مشق بین الاقوامی سول ایوی ایشن تنظیم (ICAO) کے معیارات اور تجویز کردہ طریقہ کار کے مطابق منعقد کی گئی تاکہ ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی تیاری، ہم آہنگی اور آپریشنل صلاحیت کا جائزہ لیا جا سکے۔اس مشق میں ایک فرضی ہوائی جہاز A320 کے ممکنہ حادثے کی نقل کی گئی اور اس کے بعد ایوی ایشن فیول کی فرضی آگ لگائی گئی تاکہ اسے حقیقی واقعے کے زیادہ سے زیادہ قریب تر بنایا جا سکے۔
اس مشق کا مقصد بڑے پیمانے پر آگ بجھانے، اداروں میں ربط، فیصلہ سازی اور مشترکہ کارروائی کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروسز سیکشن نے جدید مشینری اور شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ICAO کے مقررہ وقت کے اندر آگ پر قابو پایا اور فوری طور پر ریسکیو اور طبی انخلا کی کارروائیاں شروع کیں۔
اس مشق میں آرمی ایوی ایشن کے MI-17 ہیلی کاپٹر نے بھی شرکت کی اور ایک شدید زخمی فرضی مریض کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی ہسپتال منتقل کیا۔ اس سے فوجی اور شہری اداروں کے درمیان بہترین رابطہ اور ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ ہوا۔یہ مشق چیف آپریٹنگ آفیسر / ایئرپورٹ منیجر سید آفتاب علی شاہ گیلانی کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جبکہ چیف فائر اینڈ ریسکیو آفیسر، محمد طارق نے ایکسسرسائز کوآرڈینیٹر کے فرائض انجام دیے۔
دونوں افسران نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ AIRCON-25 کی کامیابی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اعلیٰ سطحی تیاری اور بین الاقوامی معیار پر عمل درآمد کی عکاس ہے۔مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے تمام شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارت، ٹیم ورک اور عزم کو سراہا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA)، ایوی ایشن انڈسٹری اور ریسکیو اداروں سے تعلق رکھنے والے مبصرین اور امپائرز نے مشق کا مشاہدہ کیا اور اس میں شامل تمام اداروں کی نظم و ضبط، ہم آہنگی اور حقیقت پسندی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی مشقیں طریقہ کار میں بہتری، اداروں کے درمیان رابطے اور ہنگامی ردعمل کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید کے ویژن کی روشنی میں، ایئرپورٹ منیجر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آفتاب گیلانی نے کہا کہ مسلسل تیاری، حقیقی ماحول میں تربیت اور ادارہ جاتی تعاون پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے اس عزم کا حصہ ہیں کہ وہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر فضائی تحفظ، عملی استقامت اور مسافروں کے تحفظ کے بلند ترین معیار کو برقرار رکھے۔تمام پروازیں اور سفری خدمات مشق کے دوران بلا تعطل جاری رہیں، جبکہ سخت حفاظتی اقدامات کے تحت معمول کے ہوائی اڈے کی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں۔
DATE . Oct/31/2025


