پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے،صدرمملکت

News Image

اسلام آباد:صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا خواہاں ہے۔خوراک، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے اسلام آباد میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر سے ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں۔بحرین کی قیادت کا حالیہ دورہ پاکستان اور ان کا پرتپاک استقبال تعلقات کی گہرائی کا عکاس ہے۔

صدر مملکت نے بحرین کواقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی رکنیت پر مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر بحرین کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو عزت اور روز گار کے مواقع فراہم کرنے پر بحرین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے پاکستانی قیدیوں کی شاہ بحرین کی جانب سے معافی پر بھی شکریہ ادا کیا۔سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی ملاقات میں موجود تھے۔

DATE . Dec/19/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top