
ماسکو:روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے ماسکو میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کے سفیر برائے روس فیصل نیاز ترمذی، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، طلباء، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان اور سفارتی عملے نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ شرکاء نے کھڑے ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں سب سے پرانا حل طلب تنازع ہے اور یہ خطے میں امن و ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے صدر ولادیمیر پوتن کے وژن کے تحت علاقائی روابط اور نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور جیسے منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے بغیر ایسے بڑے منصوبے مکمل ثمرات حاصل نہیں کر سکتے۔
سفیر نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر مکمل طور پر کھڑا ہے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے میں مضمر ہے۔
تقریب کے دوران کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، جبکہ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
DATE . Feb/6/2026


