پاکستان سمیت عرب و اسلامی ممالک کا غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کا مطالبہ

News Image

استنبول: علاقائی استحکام اور غزہ میں جنگ بندی کی صورتحال پر غور و خوض کے لئے استنبول میں عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔ وزرائے خارجہ نے غزہ میں پائیدار جنگ بندی اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا کہ فلسطین پر حکمرانی کا حق صرف فلسطینیوں کا ہے۔ ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں جو عالمی قوانین کے مطابق تسلیم شدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور عالمی برادری کو دباؤ برقرار رکھنا چاہئے تاکہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی دوبارہ نہ ہو۔

حاقان فیدان نے بتایا کہ غزہ کے لیے ایک ’’انٹرنیشنل اسٹیبیلٹی فورس‘‘ کے قیام پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ عرب اور اسلامی ممالک نے مشترکہ طور پر فلسطینی عوام کے لیے فوری انسانی امداد کا مطالبہ کیا ہے اور اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں سے انخلاء اور غزہ کی تعمیرِ نو پر زور دیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس کے دوران کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔

DATE . Nov/4/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top