
اسلام آباد:دو روزہ پاکستان منرلز ایویسٹمنٹ فورم کا آغاز کل سے اسلام آباد میں ہورہا ہے جو ملک کے معدنی شعبے کے لیے ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔
کانفرنس کا مقصد سرمایہ کاری اور پالیسی اقدامات کے ذریعے معدنیات کے شعبے میں مضبوط تعاون اور جدت پسندی کے فروغ کی ضرورت کو اُجاگر کرنا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ماہرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،فورم میں شرکت کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کیتھرین مارش اور چین کے ژیان جیولوجیکل سروے سینٹر کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
کیتھرین مارش نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اہم فورم کے ذریعے معدنی شعبے کی ترقی کی اُمید ظاہر کی ہے، انہوں نے منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
فورم میں شرکت کے لیے پہنچنے والے چین کے ژیان جیولوجیکل سروے سینٹر کے پروجیکٹ مینیجر وانگ ژھی ہوا نے بھی نیک تمناؤں اور 2011ء سے پاکستان کے ساتھ اشتراک پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں مزید تعاون کے فروغ کی اُمیدظاہر کی ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں چینی، امریکی، سعودی اور دیگر غیر ملکی وفود کی شرکت کررہے ہیں اور اسے معدنی شعبے کی ترقی کا نیا باب قرار دیا جارہا ہے۔
DATE . Apr/7/2025