
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں سیکرٹری دفاع کا کہنا تھا کہ دنیا کے 100 بڑے پہاڑوں میں 62 پاکستان کے پاس ہیں، پاکستان میں ہائیکنگ کے لیے پورے سال صرف 15 ہزار اور نیپال میں 15 لاکھ افراد آتے ہیں۔
سیکرٹری دفاع نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا وزیراعظم نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد ائیر پورٹس آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ ہوائی اڈے منافع بخش ہیں مگر سروس کا معیار مطلوبہ سطح پر نہیں، آؤٹ سورسنگ کے بعد ماہر نجی کمپنیاں خدمات فراہم کریں گی، بے شک یہ کمپنیاں غیر ملکی ہوں مگر ہم چاہتے کہ لیڈ پاکستانی کریں۔
سیکرٹری دفاع کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی اچھے طریقے سے نجکاری کی گئی، ہمارے پاس یو کے، یورپ پورا کھلا ہوا ہے، قومی ائیرلائن کے سترہ اٹھارہ جہاز ہیں جو ہفتے کی 490 پروازیں کرتے ہیں، قومی ائیرلائن کے نقصان دینے والے روٹس کا جائزہ لیا گیا، ہم نے چترال کا روٹ نقصان میں ہونے کی وجہ سے بند کردیا تھا، کنسورشیم کو سفارش کریں گےکہ ایسے روٹس بحال کریں، اگر ہم چترال میں سیاحت کو فروغ دیں تو ہمارا مسئلہ حل ہو جائےگا، دنیا کے سو بڑے پہاڑوں میں 62 پاکستان کے پاس ہیں، پاکستان میں ہائیکنگ کے لیے پورے سال میں 15 ہزار سیاح آتے ہیں، نیپال میں ہائیکنگ کے لیے 15 لاکھ افراد آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے حال ہی میں چارٹرڈ ہیلی کی سروس دینے کی درخواست کی گئی ہے، اگر ہم جی بی حکومت کے ساتھ مل کر ہیلی پیڈ سروس بنائیں تو یہ ہوسکتاہے، ہم سمجھتے ہیں کہ چترال میں بھی ایسا ہو سکتا ہے۔
DATE . Jan/7/2026


