
اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد بیانات کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے رویے کا ریکارڈ خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا عکاس ہے۔ پاکستان پر بھارتی الزامات اس کے امن دشمن اقدامات کو چھپا نہیں سکتے ۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان علاقائی ،عالمی سلامتی اور سٹریٹجک استحکام کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔بھارت کو دوسروں کو نصیحت کرنے کے بجائے اپنی اصلاح کی ضرورت ہے۔
ترجمان نے دہلی میں فیض الہی مسجد اور اس سے ملحقہ جائیدادوں کے انہدام کو مسلم کش مہم کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ یہ 1992 میں بابری مسجد کے انہدام اور بعد ازاں مندر کی تعمیر کے تسلسل کا حصہ ہے۔ اس سے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز ہندوتوا مہم ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے لیے واضح اور قابلِ تصدیق اقدامات ضروری ہیں ۔
DATE . Jan/9/2026


