
اسلام آباد:حکومت پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کر دی۔
حکومت پاکستان کے اعلامیئے کے مطابق یہ فیصلہ حال ہی میں بھارت کے ساتھ جنگ میں صدر ٹرمپ کی بروقت اور موثر سفارتی مداخلت کے اعتراف میں کیا گیا ۔عالمی برادری نے بھارت کی بلااشتعال اورغیر قانونی جارحیت کامشاہدہ کیا جو پاکستان کی علاقائی خودمختاری ور سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم جانوں کا ضیاع ہوا ۔ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے “آپریشن بنیان مرصوص” شروع کیا ۔ جو ایک نپاتلااور پر عزم فوجی ردعمل تھا۔
اعلامیہ کے مطابق صدر ٹرمپ نے انتہائی نازک صورتحال میں ایک اہم تذویراتی بصیرت کا مظاہرہ کیا۔صدر ٹرمپ کی دور اندیش قیادت نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ سفارتی رابطے استوار کئے ۔حکومت پاکستان نے صدر ٹرمپ کی جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل میں مدد کی پیشکش کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔ ان کی مداخلت کے نتیجے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پایا گیا، جنگ بندی عمل میں آئی ،اور دو جوہری طاقتوں کے درمیان ایک بڑے تصادم کو ٹال دیا گیا جو لاکھوں انسانوں کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتا تھا۔
پاکستان نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو حقیقی امن اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی جانب ان کی گہری وابستگی کا ثبوت قرار دیا ہے۔حکومت پاکستان نے صدر ٹرمپ کی جانب سے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل میں مدد کی بار ہا پیشکش کا بھی خیرمقدم کیا۔ یہ تنازعہ خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان کایہ واضح مؤقف ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ۔اعلامیہ میں مزید کہاگیاکہ حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران صدر ٹرمپ کی قیادت ان کی عملی سفارت کاری اور قیام امن کیلئے ان کے عزم کاواضح ثبوت ہے ۔
حکومت پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ کی مخلصانہ کاوشیں علاقائی اور عالمی استحکام بالخصوص غزہ میں انسانی المیہ اور ایران سے متعلق کشیدگی سمیت مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانوں کے تناظر میں، مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔حکومت پاکستان کی طرف سے اس نامزدگی کو بین الاقوامی سطح پر صدر ٹرمپ کی قیام امن کیلئے کوششوں کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر تنازعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
DATE . June/21/2025