پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اصلاحات میں عالمی بینک گروپ کی اہم معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم

News Image

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترقیاتی ترجیحات کے فروغ اورطویل المدتی شراکت داری کے لیے عالمی بینک کےعزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام کے حصول کے لیے جامع، کثیر الجہتی اور ملکی ضروریات کے مطابق تشکیل دیے گئے اصلاحاتی پروگرام پر پوری تندہی سے عمل پیرا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں عالمی بینک گروپ کے صدراجے بنگاسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے انفراسٹرکچر ، زراعت، توانائی، انسانی وسائل، مالیاتی اصلاحات، روزگار کے مواقع ، ڈیجیٹل ترقی اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے عالمی بینک گروپ کی معاونت کو سراہا۔ محمد شہبازشریف نے بطورصدر عالمی بینک گروپ ،اجے بنگا کاپاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی اور اصلاحات میں ورلڈبینک کی اہم معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔دس سالہ عالمی بینک گروپ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون قابل تحسین ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایسی جامع انتظامی اصلاحات پر کاربند ہے جن سے روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کیساتھ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔

محمد شہبازشریف اور اجے بنگا نے اس بات پر زور دیا کہ بروقت اور بڑے پیمانے پر نتائج کے حصول کیلئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک سے ہم آہنگ ترجیحات پر تیز رفتار عملدرآمد اور موثر نگرانی یقینی بنائی جائے ۔ یہ اقدامات ترقیاتی منصوبوں پرعملدرآمد میں رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کے وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں گے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عالمی بینک گروپ کو مزید موثر ترقیاتی شراکت دار بنانے میں اجے بنگا کی قیادت کو بھی سراہا۔

اجے بنگا نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے “ون ورلڈ بینک گروپ” کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینےکے عزم کا اعادہ کیا۔عالمی بینک کے صدر نے کہا کہ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کے اہداف کے حصول کے لیے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی اورنجی وسائل کے موثر استعمال میں اضافہ ناگزیر ہے۔

DATE . Feb/3/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top