
نیویارک: پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی ان کیمرہ اجلاس نیویارک میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان سمیت 15 اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی جانب سے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے عالمی برادری کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پیش کش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا۔
عاصم افتخار احمد نے تنازعہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان 70 سال سے حل طلب مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
DATE . May/6/2025