پاکستان کی غزہ میں بیپٹسٹ اسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں بیپٹسٹ اسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ اس حملے کو طبی سہولیات کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

شفقت علی خان کے مطابق یہ حملہ “پام سنڈے” کے موقع پر کیا گیا، جو مسیحی برادری کے لیے ایک مقدس دن ہے، اور یہ اسرائیل کی جانب سے مذہبی تقدس اور شہری زندگیوں کے لیے سنگین بے حسی کا مظہر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی جاری بمباری کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور نہتے شہریوں کی ہلاکتیں جاری ہیں، جبکہ شہری انفراسٹرکچر کو بھی منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔ ان حملوں نے غزہ کے صحت کے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جس کے باعث شدید بیمار مریض طبی امداد سے محروم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کی ناکہ بندی کے ساتھ یہ حملے دانستہ طور پر مصائب کو طول دینے اور تنازع کو مزید ہوا دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

پاکستان نے ایک بار پھر اسرائیلی قابض افواج سے مخاصمتوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے اور فلسطینی شہریوں کو مزید ظلم سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے۔

پاکستان نے دو ریاستی حل کی اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے.

DATE . Apr/16/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top