پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس ،سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کااعادہ

News Image

راولپنڈی: پاکستان نے آج اسلام آباد میں علاقائی چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس میں امریکہ، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری رہنماؤں نے شرکت کی۔ یہ کثیرالملکی اجلاس علاقائی سلامتی کے تعاون، عسکری سفارت کاری اور اسٹریٹجک مذاکرات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق “روابط کو مضبوط بنانا، امن کو یقینی بنانا” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کا مقصد سلامتی سے متعلق تعاون کو مزید مستحکم بنانا، تربیتی پروگراموں کو فروغ دینا اور انسداد دہشتگردی سمیت دیگر دفاعی شعبوں میں بہترین عملی تجربات کا تبادلہ کرنا تھا۔

چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز وفود کو خوش آمدید کہااور پاکستان کی خطے میں امن، استحکام اور تعمیری شراکت داری کے لیے مستقل وابستگی کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ سرحدوں سے ماورا خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے اس دور میں عسکری تعاون، تزویراتی مکالمہ اور باہمی اعتماد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ پاکستان خطے کو محفوظ، خوشحال اور مربوط بنانے کے لیے شراکت دار ممالک کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک منظرنامے، علاقائی سلامتی کی حرکیات، مشترکہ تربیتی اقدامات، انسداد دہشت گردی میں تعاون اور بحرانوں کے دوران انسانی ہمدردی پر مبنی مربوط ردعمل جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شریک وفود نے دہشت گردی، سائبر سیکیورٹی اور پرتشدد انتہا پسندی جیسے مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے، امن، احترام اور خودمختاری کے اصولوں کی پاسداری کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔شرکاء نے اس جامع اور مستقبل بین فوجی سفارتکاری کے لیے پاکستان کی قیادت، میزبانی اور بصیرت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تزویراتی ہم آہنگی پاکستان کے اس مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ جو وہ ایک محفوظ، باہم مربوط اور تعاون پر مبنی خطے کے قیام کے لیے کر رہا ہے جومشترکہ سلامتی مفادات اور علاقائی یکجہتی پر مبنی ہو۔

DATE . July/27/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top