
اسلام آباد:پاکستان نے 5 اور 6 فروری کو لاہور میں ڈی-8 تنظیم کے کمشنرز کے دو روزہ اجلاس کی میزبانی کی۔ اجلاس کا مقصد تنظیم کے سیکرٹریٹ کو مضبوط بنانا اور اپریل میں جکارتہ میں ہونے والے بارہویں ڈی-8 سربراہی اجلاس کے لیے انتظامی و مالیاتی امور کو حتمی شکل دینا تھا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان سمیت تنظیم کے تمام رکن ممالک ، ترکیہ، انڈونیشیا، ملائیشیا، ایران، مصر، نائیجیریا، بنگلہ دیش اور آذربائیجان کے کمشنرز نے شرکت کی۔ ڈی-8 کے سیکرٹری جنرل سہیل محمودبھی اس موقع پر موجود تھے۔
غیر رسمی ریٹریٹ رکن ممالک اور ڈی۔8 سیکریٹریٹ کے درمیان کھلے مکالمے اور مشاورت کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا، جہاں باہمی تعاون کو فروغ دینے، ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے اور ڈی۔8 کے ترجیحی شعبوں اور جاری اقدامات پر عملدرآمد کو تیز کرنے کے لیے عملی حکمتِ عملیوں پر غور کیا گیا۔
دو روزہ غیر رسمی دورے کے دوران ڈی۔8 وفود نے لاہور کے تاریخی، ثقافتی اور قومی اہمیت کے حامل مقامات کا دورہ بھی کیا، جن میں واہگہ بارڈر، تاریخی شالامار باغات، لاہور قلعہ جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے، اور بادشاہی مسجد شامل ہیں۔ وفود نے لاہور کے تاریخی پونچھ ہاؤس میں منعقد ہونے والے رنگا رنگ اور ثقافتی بسنت میلے میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی اور غیر ملکی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ۔ وفود نے ڈی۔8 رکن ممالک کے درمیان ثقافتی روابط، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
DATE . Feb/11/2026


