
اسلام آباد:پاکستان کے غیر ملکی زرِ مبادلہ ذخائر چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق ایس آئی ایف سی کی اصلاحات اور پالیسی تسلسل کے باعث پاکستان کے کل زر مبادلہ ذخائر 21.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو گزشتہ چار سال کی بلند ترین سطح ہے۔
خرم شہزاد کے مطابق زرِ مبادلہ کے مجموعی ذخائر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا حصہ 16.3 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کا حصہ 5.3 ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر کا مجموعی حصہ 76 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسٹیٹ بینک کے بڑھتے ہوئے ذخائر ملک کی مالی خودمختاری اور پالیسی کنٹرول میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اضافہ بحران کے دوران فوری ردعمل اور مالی استحکام کی صلاحیت کو بھی مضبوط بناتا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کے ریزروز میں اضافہ ملک کے مضبوط مالیاتی ذخائر اور معاشی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں یہ نمایاں بہتری ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری، معاونت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
DATE . Mar/15/2026

