
اسلام آباد :پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت (BPC) کا 13واں دور منعقد ہوا۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے وفد کی قیادت کی جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی نائب وزیر برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی نے کی۔ دونوں ممالک کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
مشاورت کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر جامع تبادلۂ خیال کیا اور گزشتہ مشاورت میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت بڑھانے، توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ، ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی کے بہتر روابط، تعلیم اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور ایران نے خطے اور عالمی سطح پر اہم پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے جوائنٹ اکنامک کمیشن (JEC) اور جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی (JTC) سمیت مختلف ادارہ جاتی میکنزم کے باقاعدہ اجلاسوں کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ باہمی مفاد کے شعبوں میں عملی تعاون کو مزید تقویت دی جاسکے۔
دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او سمیت مختلف کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے اور علاقائی و عالمی امور پر مشترکہ مؤقف کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں ہونے والی گفتگو نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر مبنی قریبی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کی۔ فریقین نے آئندہ دورِ مشاورت تہران میں باہمی سہل تاریخوں پر منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
DATE . Nov/18/2025


