
لاہور:پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصلیٹ جنرل،محکمہ اطلاعات و ثقافت، حکومت پنجاب اور اے آر کیو گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے ایکسپو سینٹر لاہور میں پاک چائنا لو فیسٹیول 2025 کا انعقاد کیا۔
تقریب کا افتتاح وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبی شجاع الرحمن نے کیا جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر پنجاب سے لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژا شیریں، ڈرمس باستنگ قونصل جنرل ترکیہ، اعزازی قونصل جنرلز، نذیر حسین، صدر پی سی جے سی سی آئی، صلاح الدین حنیف، سیکرٹری جنرل پی سی جے سی سی آئی، معروف کاروباری شخصیات، تعلیمی روابط اور پی سی جے سی سی آئی کے دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پرمعززین نے مشترکہ طور پر ربن کاٹنے کی تقریب انجام دی جس کے بعد میڈیا ٹاک میں پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی اور اقتصادی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
پی سی جے سی سی آئی کے صدر نذیر حسین نے بتایا کہ فیسٹیول میں 100 سے زائد پاکستانی اور چینی برانڈز کی شرکت شامل ہے جس میں کھانے، ملبوسات، زیورات، دستکاری اور ثقافتی نمونے کی ایک متنوع رینج کی نمائش کی گئی ہے، جو دونوں ممالک کی تخلیقی صلاحیتوں اور دستکاری کو ظاہر کرتے ہیں۔
یہ تقریب پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تبادلے، کاروباری شراکت داری اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے کے لیے متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک چائنا لو فیسٹیول 2025 سب کے لیے کھلا اور خاندانوں، طلبا، کاروباری افراد اور ثقافتی شائقین کے لیے ایک عمیق تجربہ پیش کرتا ہے۔صوبائی وزیرمیاں مجتبی شجاع الرحمن نے پاک چین کے درمیان پائیدار دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا جشن منانے کے لیے پی سی جے سی سی آئی اور اس کے شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ثقافت اور تجارت سے بالاتر ہے، یہ ہمارے لوگوں کے درمیان بھائی چارے اور جذباتی تعلق کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات سفارتی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو اس تہوار کا دورہ کرنے کی ترغیب بھی دی ۔ چین کے قونصل جنرل ژا شیرین نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کی گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین محبت کا تہوار گہری جڑوں والی دوستی کی علامت ہے جو ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعاون کے ذریعے فروغ پاتی ہے۔پی سی جے سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے کہا کہ پاک چین محبت کا میلہ اس بات کی زندہ مثال ہے کہ کس طرح ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان روابط قوموں کے درمیان افہام و تفہیم اور احترام کو بڑھا سکتے ہیں۔اس موقع پر ثقافتی پرفارمنس اور ایک عظیم الشان میوزیکل کنسرٹ و قوالی نائٹ بھی منعقد کی گئی۔
DATE . Oct/20/2025


