
برازیل: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاپ 30 کانفرنس کے موقع پر پاکستان پویلین کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی کوئی سرحدیں نہیں ہوتیں، آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب کوئی پیش گوئی نہیں بلکہ موجودہ خطرہ ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے دس ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو شدید سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا، جس میں 26 لاکھ متاثرین کو ریسکیو کیا گیا اور لاکھوں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت ایئرکوالٹی بہتر بنانے اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپارکو اور ناسا کی مدد سے فضاء کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور آلودگی کے بڑے ذرائع بشمول صنعتوں اور بھٹوں کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں، فصلوں کی باقیات جلانے کے لیے کسانوں کو سپرسیڈرز فراہم کیے گئے اور جدید زرعی مشینری بھی مہیا کی گئی، ساتھ ہی میڈیا پر عوامی آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے گرین ریویلیوشن پروگرام اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت ہر گلی کوچے اور محلے میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
DATE . Nov/12/2025


