
پیرس:فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی نژاد اخبار فروش علی اکبر کو نیشنل آرڈر آف میرٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ فرانس کا ایک اعلیٰ سول اعزاز ہے جو طویل خدمات اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
اس موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے علی اکبر کی خدمات کو سراہا اور فرانسیسی معاشرے میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علی اکبر 1973 میں فرانس منتقل ہوئے۔ انہوں نے اپنی محنت اور لگن کے ذریعے نہ صرف فرانس میں اپنی شناخت بنائی بلکہ پاکستانی کمیونٹی کا نام بھی روشن کیا۔ علی اکبر کو فرانس کے آخری اخبار فروش کے طور پر جانا جاتا ہے اور مقامی لوگ ان کے جذبے اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
علی اکبر کی خدمات کو فرانسیسی ثقافت میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ فرانسیسی صدر کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز ان کے پچاس سال سے زائد عرصے پر محیط کام اور ثقافتی خدمات کا اعتراف ہے، جو نہ صرف اخبار فروش کے طور پر بلکہ فرانس کی معاشرتی زندگی میں ان کی شراکت کے لیے بھی دیا گیا۔
DATE . Jan/30/2026


