وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے لاہور سے آذربائجان کے دارالحکومت باکو کے لیے براہ راست پروازوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے لیے سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ لاہور تا باکو براہ راست پروازوں سے سیاحت کے شعبے کو نمایاں فروغ ملے گا اور پاکستان کے شہریوں کو آذربائجان تک رسائی میں آسانی میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرز کی براہ راست پروازیں دیگر دوست ممالک کے ساتھ بھی جلد متعارف کروائی جائیں گی تاکہ بین الاقوامی روابط مزید مضبوط ہوں۔محمد شہباز شریف نے آذربائجان کو پاکستان کا قریبی اور قابل اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں آذربائجان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو پاک-آذری تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
Date . Apr/21/2025