پی سی بی نے پاکستان ویمنز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا،کپتان فاطمہ ثنا اور منیبہ علی کی اے کیٹگری میں ترقی

لاہور۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے کارکردگی کے سالانہ جائزے کے بعد25۔2024کے بین الاقوامی سیزن کیلئے 16خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی 2024سے ہوگا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق گزشتہ سال 20کرکٹرز کو دوسال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ24۔ 2023کے سیزن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

کپتان فاطمہ ثنا اور وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کو اے کیٹگری میں ترقی دی گئی ہے،بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال اپنی حالیہ عمدہ کارکردگی کی بنا پر بی کیٹگری میں آگئی ہیں،اس سینٹرل کنٹریکٹ میں تین نئی انٹریز ہوئی ہیں جن میں گل فیروزہ، رامین شمیم اور تسمیہ رباب شامل ہیں، تسمیہ رباب نے پہلی بار سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کیا ہے جو ان کے کیرئیرمیں ایک اہم سنگ میل ہے،گل فیروزہ 2018اور رامین شمیم23۔2022کےبعد دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں،ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر،ایمان فاطمہ ، شوال ذوالفقار اور سدرہ نواز کے سینٹرل C کی تجدید نہیں کی گئی تاہم یہ تمام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گی۔

– Advertisement –

ترجمان نے مزید بتایا کہ پی سی بی نے اپنی توجہ آئی سی سی ویمنز فیوچر ٹورز پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی کرکٹرز کی اگلی جنریشن کو تیار کرنے کی طرف مرکوز کر دی ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ وہ پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی پر فاطمہ ثنا، منیبہ علی اور سعدیہ اقبال کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ تسمیہ رباب کو بھی جو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کر رہی ہیں اور گل فیروزہ اور رامین شمیم کو بھی جو سینٹرل کنٹریکٹ میں واپس آئی ہیں، ان کی شمولیت اور ترقی مسلسل عمدہ کارکردگی اور ٹیلنٹ کو انعام دینے کی ہماری کمٹمنٹ کو ظاہر کرتی ہے۔

DATE .NOV /17 /2024

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top