
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آج سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی اور چیئرمین سینیٹ کو پاکستان بھر میں بچوں اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے جاری پروگرامز بارے تفصیلی آگاہ کیا اور آئندہ اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے چیئرمین سینیٹ کو ادارے کے جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں تعلیم، بچوں کے تحفظ، صحت و غذائیت، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیوں اور کمیونٹی کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق پروگرامز شامل تھے۔ اس موقع پر اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت، منصوبوں کے جغرافیائی دائرۂ کار اور بالخصوص پسماندہ اور بحران سے متاثرہ علاقوں میں بچوں اور خاندانوں پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں سیو دی چلڈرن کے آئندہ منصوبوں اور اسٹریٹجک ترجیحات پر بھی گفتگو کی گئی، جن میں قومی ترجیحات کے ساتھ ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کو ہم آہنگ بنانے اور بچوں کے لیے پائیدار اور جامع نتائج کے حصول کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے بچوں کے حقوق کے فروغ اور بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں سیو دی چلڈرن پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو درپیش دیرینہ چیلنجز، جن میں معیاری تعلیم تک رسائی، تحفظِ اطفال اور مساوی صحت کی سہولیات شامل ہیں، سے نمٹنے کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کے مابین مربوط اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے بچوں اور کمزور آبادیوں کی فلاح و تحفظ کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
DATE . Jan/13/2026


