
اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کی سفیر مصباح کھر نے جمہوریہ ازبکستان کے سینیٹر حسن ارماتوف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔
مصباح کھر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے بڑھتے ہوئے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دو برادر ممالک کے درمیان تعاون کے دائرہ کار میں وسعت اور تعلقات کی مثبت پیشرفت اطمینان بخش ہے۔
حالیہ سفارتی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے مصباح کھر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ تاشقند کو ایک سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اس دورے سے تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے قیام اور واضح ٹائم لائنز پر مشتمل جامع روڈ میپ کی منظوری کو دوطرفہ تعلقات میں اہم کامیابیاں قرار دیا۔
پارلیمانی تعاون کو پاکستان–ازبکستان تعلقات کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے مصباح کھر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بصیرت افروز قیادت میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے کامیاب انعقاد کے بعد پارلیمانی روابط میں نئی جان پڑی ہے۔
ملاقات میں تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے اور پاکستان–ازبکستان تعلقات کی بھرپور صلاحیت کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر سینیٹر حسن ارماتوف نے انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان برادر مسلم ممالک کی حیثیت سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔
DATE . Dec/17/2025


