چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے

ماسکو:چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے۔ یہ دورہ روسی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا مٹوینکو کی دعوت پر ہو رہا ہے۔روس پہنچنے پر چیئرمین سینیٹ کا استقبال روسی فیڈریشن کونسل میں روس پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ شیزو ولادمیر نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے پاکستان ٹیلی ویژن کو روس کے دورے سے متعلق ایک انٹرویو بھی دیا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے پارلیمانی تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ روسی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا مٹوینکو ان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں اور پارلیمنٹ سے خطاب بھی کر چکی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے روس میں فرینڈ شپ گروپ کے چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں جنہیں ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور صدر پیوٹن کی ملاقاتوں اور پاکستانی وزیر اعظم کی روسی قیادت سے ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔یوسف رضا گیلانی نے حکومت پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کے لیے کیے گئے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کی ضمانت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی سے پاکستان کے عالمی وقار میں اضافہ ہوا ہے۔چیئرمین سینیٹ روس میں اپنے قیام کے دوران اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے، جن میں پارلیمانی تعاون کے فروغ، خطے کی مجموعی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Date . May/12/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top