
اسلام آباد:چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایس سی او سمٹ کی تیاری کیلئے مختلف میگا پروجیکٹس کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن، ممبر فنانس، ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ممبر انوائرمنٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ایس سی او سمٹ اور بین الاقوامی کانفرنسوں کے بہتر انعقاد کے حوالے سے مستقبل میں شروع کئے جانے والے میگا ترقیاتی پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں مختلف میگا پراجیکٹس کیلئے ریکویسٹ فار پروپوزل (آر ایف پی) کی تیاری آخری مراحل میں ہے، ان منصوبوں کے پہلے مرحلے کیلئے بین الاقوامی و قومی اعلیٰ شہرت کے حامل کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائے گی، ان منصوبوں کیلئے PC-1 اور PC-2 کی تیاری سمیت ماحولیاتی اثرات کے جائزے (ای آئی اے) پر ورکنگ جاری ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ بین الاقوامی کانفرنسوں سمیت اگلے ایس سی او کے انعقاد سے قبل اسلام آباد میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے، اسلام آباد کو عالمی سطح کا جدید ترین شہر بنانے کیلئے وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کے ویژن کے عین مطابق میگا پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ یہ تمام منصوبے آنے والے بین الاقوامی اجلاسوں اور ایس سی او سمٹ کے انعقاد کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہیں، اس سلسلے میں اسلام آباد شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کی صلاحیت بھی بڑھائی جارہی ہے، منصوبوں کے تمام عمل میں اوپن اور شفاف مقابلہ جاتی طریقہ کار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے، منصوبوں کی تکمیل میں بین الاقوامی معیارات کو مدنظر رکھا جائے،تمام میگا پراجیکٹس کے PC-1 اور ٹینڈرنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ انکا باقاعدہ آغاز اگلے سال ممکن ہوسکے،ان میگا منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد بین الاقوامی اور قومی تقریبات، سیاحت اور سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کا بہترین اور مثالی دارالحکومت بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارے ہیں۔
DATE . Nov/9/2025


