
مظفرآباد: مظفرآباد میں تیسری چیف آف آرمی اسٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 2026 کا شاندار اور پروقار انداز میں افتتاح کیا گیا۔ چیمپئن شپ 20 جنوری سے 28 جنوری 2026 تک جاری رہے گی جس میں ملک بھر سے مختلف کلبز کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
ایونٹ کے پہلے روز کھیلے گئے میچز میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور شائقین کو معیاری ہاکی دیکھنے کا موقع ملا۔
افتتاحی تقریب میں سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر اور آزاد کشمیر کے مشیر احمد صغیر چغتائی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور منتظمین نے چیمپئن شپ کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے مثبت و سازگار مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
پاک فوج نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نوجوانوں کے لیے بہترین مواقع کی فراہمی اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
DATE . Jan/22/2026


