اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):چین جدید تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت اور چینی زبان میں مہارت فراہم کرنے کیلئے پاکستان میں 22 سے زائد ایکسیلنس سینٹر قائم کرے گا،نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان(نیوٹیک) اور چین کے ٹینگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ(ٹی اے این جی) کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔
پاک چین انڈسٹریل سینٹرز آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ دونوں ملک و ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیں گے۔اس منصوبے کا مقصد ایک ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہے جو جدید صنعتوں کے تقاضوں کو پورا کرے اور پاک چین تعاون کے ذریعے جدت کو فروغ دے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، پاکستان میں چینی سفارت خانے کے منسٹر قونصلر یانگ گوانگ یوان، وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم محی الدین احمد وانی،چیئرپرسن نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان گلمینہ بلال احمد، آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن(اے پی سی ای اے) کے صدر وانگ ہوئی ہوا، ٹینگ انٹرنیشنل(ٹینگ) کے صدر لی جن سونگ، ٹینگ انٹرنیشنل پاکستان کے سی ای او سونگ جیانگ ینگ اور ٹینگ انٹرنیشنل کے اوورسیز آپریشن سینٹر کے چیف آپریٹنگ آفیسر قیو ہائی تائو شامل تھے۔
یہ اقدام عالمی معیار کے ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن ایجوکیشن ٹرینگ(ٹی وی ای ٹی ) تعاون سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام پر مرکوز ہے جو جدید آئی ٹی پروگرامز اور روزگار کے مواقع فراہم کرے گا اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر ٹینگ انٹرنیشنل کے صدر لی جن سونگ نے کہا ہم نیوٹیک کے ساتھ اس اہم شراکت پر بہت خوش ہیں۔ یہ منصوبہ پاکستان کو ہنر مند افراد کے مرکز میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا جو ملک کی معاشی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرے گا۔ چیئرپرسن نیو ٹیک گلمینہ احمد نے کہا ٹینگ انٹرنیشنل اور نیوٹیک کے درمیان یہ تعاون پاک چین مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔
ہمارا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کے لیے مطلوبہ ہنر فراہم کرنا ہے، خاص طور پر چین، نائیجیریا اور دیگر ون بیلٹ ون روڈ منصوبوں میں روزگار کے بہتر مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے تیار کرنا ہے۔یہ منصوبہ پاکستانی نوجوانوں کیلئے عالمی سطح پر بہتر روزگار کے حصول کا باعث بنے گا جس سے ان کامعیار زندگی مزید بہتر ہوگا۔
DATE .DEC /4/2024