اسلام آباد — معروف سماجی شخصیت اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم ڈاکٹر حمیرا نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں خواتین کی معاشی خودمختاری، انٹرپرینیورشپ کے فروغ اور ہنر مندی (سکلز ڈویلپمنٹ) کے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا کی خواتین میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، لیکن اُنہیں درست رہنمائی، وسائل اور مناسب پلیٹ فارم کی فراہمی کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور انٹرپرینیورشپ جیسے اہم شعبے میں ان کی شمولیت نہ صرف انفرادی ترقی بلکہ ملک کی معیشت کے لیے بھی مثبت نتائج کا باعث بنے گی۔ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ گورنر ہاؤس کے پلیٹ فارم سے خواتین کے لیے خصوصی پروگرامز، تربیتی ورکشاپس اور بزنس نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ خواتین کو عملی طور پر خودمختار اور مضبوط بنایا جا سکے۔
Date . Apr/22/2025