ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سانگھڑ میں اقلیتی بچیوں کے مبینہ اغوا و تبدیلی مذہب کا نوٹس لے لیا

News Image

اسلام آباد:ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سندھ کے ضلع سانگھڑ میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی تین بچیوں اور ایک بچے کے مبینہ اغواء اور جبری مذہب تبدیلی کی اطلاعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے، انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اور چیف سیکریٹری سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یہ معاملہ سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر دنیش کمار کی جانب سے اٹھایا گیا، جن کا کہنا تھا کہ اسلام کسی کو زبردستی مذہب تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اقلیتوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں۔

سینیٹر علامہ ناصر عباس، سینیٹر خلیل طاہر سندھو اور سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی اور فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ تینوں بچیوں کو کراچی سے بازیاب کروا لیا گیا ہے اور انھیں عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے پہلے ہی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت دی۔

DATE . June/20/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top