کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس، پی آئی اے سی ایل میں 75 فیصد حصص کی نجکاری کے عمل کا جائزہ

News Image

اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نجکاری کمیشن اور وزارتِ نجکاری کی جانب سے پاکستان میں نجکاری کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پی آئی اے سی ایل میں 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے ریزرو پرائس سے متعلق وہ سمری پیش کی گئی جو نجکاری کمیشن بورڈ سے منظور اور سفارش شدہ تھی۔

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے پی آئی اے سی ایل کی نجکاری سے متعلق نجکاری کمیشن اور اس کے بورڈ کی جانب سے اختیار کیے گئے تمام مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا، بورڈ کی سفارشات پر غور کیا اور انہیں مزید غور کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ نے اس موقع پر زور دیا کہ نجکاری کے تمام مراحل میں حکومتی پالیسیوں، قوانین اور طریقۂ کار پر سختی سے عمل کیا جائے اور نجکاری کے عمل میں عالمی سطح کی بہترین روایات اپنائی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجکاری سے متعلق تمام لین دین قانون کے مطابق انجام دیا جائے، شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور تمام شرکاء کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرائے خزانہ، توانائی اور تجارت، وزیرِ اعظم کے مشیران برائے نجکاری، صنعت و پیداوار، خصوصی معاونینِ وزیرِ اعظم طارق بجوا اور بلال کیانی، وفاقی سیکریٹریز کابینہ، نجکاری، منصوبہ بندی، تجارت، دفاع، قانون، توانائی اور نجکاری کمیشن کے حکام نے شرکت کی۔

DATE . Dec/24/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top