کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں 2 روزہ 21ویں ایف آئی ٹی 2024 کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں 2 روزہ 21ویں ایف آئی ٹی 2024 کانفرنس منگل کو اختتام پذیر ہو گئی۔ 2 روزہ کانفرنس میں آئی ٹی ٹیکنالوجی اور تحقیق کو فروغ دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتامی سیشن کے موقع پر وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے سپیشل سیکرٹری اظفر منظور مہمان خصوصی تھے۔

– Advertisement –

انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ٹیکنالوجی میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے اس طرح کی کانفرنسز اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس موقع پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گی، جدید علم کو عام کرے گی، چیلنجز پر قابو پائے گی اور ایک مضبوط پیشہ وارانہ کمیونٹی کی تعمیر میں مدد فراہم کرے گی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایف آئی ٹی کے جنرل چیئر اور اسلام آباد کیمپس کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر نے ماحولیاتی تبدیلی، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں آئی سی ٹی کے تبدیلی کردار پر روشنی ڈالی۔قبل ازیں کانفرنس کے پروگرام چیئر ڈاکٹر ماجد اقبال خان نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تقریب کا ایک جامع جائزہ پیش کیا جسے انہوں نے پاکستان میں آئی ٹی کی تحقیق اور اختراع کو آگے بڑھانے کے لئے سنگ میل قرار دیا۔اس سال کی ایف آئی ٹی کانفرنس میں 410 تکنیکی کاغذات جمع کرانے کے ساتھ بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی جو گذشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہے۔

تقریب میں 20 تکنیکی سیشنز، دو کلیدی خطابات اور 12 مدعو مذاکرے شامل تھے جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ سکالرز، حکومتی عہدیداروں، کاروباری افراد اور جرمنی، آسٹریلیا، برطانیہ، امریکہ، قطر، ملائیشیا اور پاکستان سمیت مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں نے پیش کئے ۔کانفرنس کے اختتام پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی نے مہمان خصوصی اور کلیدی مقررین کو شیلڈز پیش کیں۔ کانفرنس میں امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، چین، قطر اور جاپان سمیت دنیا بھر کی ممتاز یونیورسٹیوں اور اداروں کی نمائندگی کرنے والے سرکردہ ماہرین اور سکالرز نے شرکت کی۔

DATE .DEC /11 /2024

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top