
کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہواہے، متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔
شہر قائد میں جاری موسلا دھار بارش نے جہاں معمولات زندگی کو شدید متاثر کیاہے وہیں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بارش اور خراب موسم کے باعث 8 پروازیں منسوخ جب کہ 20 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔
اسکردو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز PK-456 لینڈ نہ کرسکی اور اسے متبادل ائیرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔ اسی طرح دبئی سے آنے والی پرواز FZ 335 کو کراچی کے بجائے ملتان روانہ کر دیا گیا۔

کراچی سے اسلام آباد کی 4 پروازوں کی آمد و روانگی میں بھی تاخیر ریکارڈ کی گئی جب کہ جدہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور کولمبو سے آنے والی پروازیں بھی وقت پر لینڈ نہ کرسکیں۔
کراچی سے مدینہ، دبئی، پشاور،ٹورنٹو، جدہ کی پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے تاخیرہوئی۔
کراچی کوئٹہ کی قومی ائیرلائنز کی 2 پروازیں پی کے 310، 311 منسوخ کر دی گئیں،کراچی اسلام آبادکی قومی ائیر کی 2 پروازیں پی کے 308، 309 بھی منسوخ ہوگئیں۔کراچی سے دبئی کی دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ تیز ہواؤں اور بارش سے پروازوں کی آمدورفت میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے، چند پروازوں کی منزل تبدیل ہوگئی اور ان کو متبادل ائیر پورٹس پر اتارا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر ہوسکتی ہے۔موسم کی غیر متوقع صورتحال کے پیش نظر مسافر پروازوں کے متعلق معلومات لیں۔
DATE . Aug/19/2025