گوگل جاپان نے روٹری فونز سے متاثر کانسیپٹ کی بورڈ تیار کرلیا

گوگل جاپان نے روٹری فونز سے متاثر کانسیپٹ کی بورڈ تیار کرلیا
یہ کانسیپٹ کی بورڈ لوگوں کو فروخت نہیں کیا جائے گا / فوٹو بشکریہ گوگل جاپان

گوگل جاپان نے پرانے زمانے کے ٹیلیفون کے انداز کا عجیب ترین کمپیوٹر کی بورڈ تیار کیا ہے۔

جی بورڈ ڈائل ورژن نامی یہ کی بورڈ روٹری اسٹائل کے ڈائلز سے لیس ہے جیسا پرانے روٹری فونز میں فون نمبر ملایا جاتا تھا، اسی طرح اس میں ٹائپ کیا جاتا ہے۔

اس میں موجود 9 ڈائلز مختلف کمانڈز یا حروف پر مشتمل ہیں جبکہ اس میں سنسرز روٹیشن کو ٹریک کرتے ہیں۔

یہاں تک کہ ریٹرن کی کا اپنا چھوٹا ڈائل ہے۔

گوگل جاپان کی جی بورڈ ٹیم نے اس کانسیپٹ کی بورڈ کو تیار کیا ہے جو پہلے بھی متعدد عجیب کانسیپٹ کی بورڈز تیار کرچکی ہے۔

گوگل کی جانب سے ان کانسیپٹ کی بورڈز کو فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جاتا، بلکہ ان کی تیاری کا طریقہ کار یا ڈیٹا GitHub میں جاری کیا جاتا ہے۔

تو ہر فرد ہی اس روٹری کی بورڈ کو گھر میں تیار کرسکتا ہے جبکہ مہارت نہ رکھنے والے افراد کو گوگل کی جانب سے سادہ اور سنگل ڈائل ورژن کا پلان بھی فراہم کیا جائے گا۔

اس کی بورڈ کے تمام 9 ڈائلز کا حجم مختلف ہے اور کسی مخصوص کریکٹر کو ٹائپ کرنے کے لیے سوراخ میں انگلی ڈال کر آخر تک گھمائیں۔

روٹری فونز میں اس مقصد کے لیے pulse ڈائلنگ تکنیک کو استعمال کیا جاتا تھا مگر اس کی بورڈ میں یہ کام سنسرز سے لیا جا رہا ہے جو ہر ڈائل کو گھمانے کے عمل کو یو ایس بی سگنلز میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

پرانے فونز کی طرح اس کی بورڈ کے ساتھ ایک کریڈل بھی منسلک ہے جس پر ویڈیو کال کے دوران ماؤس رکھا جائے تو صارف کا ویب کیم ٹرن آف ہو جاتا ہے۔

DATE . Oct/11/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top