ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ اور چین کے درمیان اسٹریٹجک استحکام برقرار رہے، صدر امریکہ-چین بزنس کونسل

امریکہ-چین تعلقات پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہے، شان اسٹین

بیجنگ ()

چینی صدر شی جن پھنگ کے دورہ امریکہ کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ نے امریکہ-چین بزنس کونسل کے صدر شان اسٹین کا خصوصی انٹرویو کیا۔
امریکہ اور چین کے رہنماؤں کی ملاقات کے اثرات کے حوالے سے شان اسٹین نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات ہمیشہ مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ موجودہ تاریخی مرحلے میں رہنماؤں کے درمیان رابطے اور بات چیت کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا اکثر یہ سمجھتی ہے کہ کاروباری حلقے صرف ٹھوس نتائج کے خواہاں ہوتے ہیں اور بڑے پیمانے پر خریداری کے معاہدوں جیسی خبروں کا انتظار کرتے ہیں۔ یہ چیزیں یقیناً اچھی ہیں، لیکن یہ کاروباری حلقوں کی اصل خواہش نہیں۔ ہم اس سے زیادہ بنیادی چیز چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ اور چین کے درمیان اسٹریٹجک استحکام برقرار رہے اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی فضا میں مزید بہتر آئے۔شان اسٹین نے کہا کہ اگر آپ کاروباری حلقوں سے پوچھیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں تو جواب ایک ہی لفظ میں دیا جا سکتا ہے اور وہ ہے استحکام۔ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ اور چین کے درمیان باہمی اعتماد میں اضافہ ہو اور رابطے مزید مضبوط ہوں۔
امریکہ-چین تعلقات کی عالمی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دل کی گہرائی سے یقین رکھتے ہیں کہ امریکہ-چین تعلقات کا استحکام نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہے۔ خواہ وہ آسیان کے ممالک ہوں، گلوبل ساؤتھ کے ممالک، یورپی ممالک یا لاطینی امریکی ممالک، تمام ممالک اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں کہ امریکہ اور چین کے درمیان مستحکم تعلقات کتنے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم اور قابلِ پیش گوئی امریکہ-چین تعلقات برقرار رہنے سے ہر ملک اپنے قومی مفادات کے حصول میں خود مختار رہ سکتا ہے اور امریکہ اور چین دونوں کے ساتھ گہرے روابط کے ثمرات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
تعمیراتی اسٹریٹجک استحکام پر مبنی امریکہ-چین تعلقات کے قیام کے حوالے سے شان اسٹین نے کہا کہ ایسے تعلقات کی تعمیر کے لیے مسلسل محنت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حلقے بھی اپنا کردار ادا کریں گے تاکہ امریکہ-چین دوطرفہ تعلقات درست اور مستحکم راستے پر گامزن رہیں۔

DATE . 25/Sep/2026

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top