یوم مزدور پر وزیر اعظم کا پیغام، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

News Image

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے محنت کشوں کے لیے روزگار کے حصول کے دوران محفوظ، صحت مند اور باوقار حالات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔  
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے مزدوروں اور افرادی قوت کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ آئین پاکستان میں درج ہے اور یہ بین الاقوامی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے بنیادی کنونشنز کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔  
شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت نے جبری مزدوری کنونشن اور میری ٹائم لیبر کنونشن کے 2014 کے پروٹوکول کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ہر مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی سہولیات سے مستفید ہو رہا ہے، جس سے روزگار کے ماحول کو محفوظ اور صحت مند بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) اور ورکرز ویلفیئر فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) جیسے اداروں کو موثر بنانے کے لیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹائزیشن اور لیبر قوانین میں اصلاحات کے ذریعے ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کر رہی ہے جہاں ہر مزدور کو باوقار اور محفوظ روزگار تک رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو ہنر اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے بااختیار بنانے پر بھی زور دیا۔
وزیر اعظم نے مزدوروں، کارکنوں، سول سوسائٹی اور حکومت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں جو مزدوروں کا احترام کرے، ان کے حقوق کو برقرار رکھے اور سب کے لیے باوقار روزگار کے مواقع پیدا کرے-

DATE . May/1/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top