یوم پاکستان پریڈ سے صدر مملکت کا خطاب،دہشتگردی کو شکست دینے اورملکی خوشحالی و ترقی کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد-صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے بیرونی اور اندورنی دہشت گردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا ہے،قوم کی توانائی اور صلاحیتوں پر اعتماد ہے، ہم مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
صدر مملکت نے یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کے لئے کام کرنا ہوگا،صدر مملکت نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور کہا کہ ہماری قوم اور افواج نے مادر وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کے لئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، ہم ان کے عزم اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر ایک چیلنج کی صورت اختیار کرنا چکا ہے، تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے، باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد پر دنیا سے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں، وہ سب سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی تمام تر توانائیاں ملک کی ترقی کے لئے وقف کر دیں،انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس سے پہلے صدر مملکت ایوان صدر میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا،صدر مملکت روائتی انداز میں صدارتی محافظ دستے کے ہمراہ بگھی میں پریڈ وینیو پہنچے، صدرآصف علی زرداری نے پریڈ کی استقبالیہ کمیٹی کے ارکان سے مصافحہ کیا، صدر مملکت کو جنرل سلام پیش کیا گیا،انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا،تینوں مسلح افواج کے چاق وچوبنددستے پریڈکاحصہ تھے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے یوم پاکستان پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ،سپیکر قومی اسمبلی، وفاقی کابینہ کے ارکان ، غیر ملکی سفارتکار اور ممتاز شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ بحرین نیشنل گارڈز کے کمانڈراورسعودی چیف آف جنرل سٹاف کے پرنسپل سٹاف افسر نے مہمانان اعزاز کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔

DATE . Mar/24/2025

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top