
کراچی:پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے سٹریٹجک انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے مؤثر اقدامات کے تحت 23ویں فارما ایشیا انٹرنیشنل نمائش 2 سے 4 دسمبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ تین روزہ اس بین الاقوامی ایونٹ میں وفاقی و صوبائی وزراء، صنعت کے رہنماء، ماہرین اور متعدد غیر ملکی مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔
ای کامرس گیٹ وے پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام، پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور SIFC کی اسٹریٹجک معاونت سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں 25 ہزار سے زائد انڈسٹری ایکسپرٹس، 750 سے زیادہ اسٹالز اور 100 سے زائد غیر ملکی نمائش کنندگان شریک ہوں گے۔
نمائش میں چین کی جانب سے جدید فارما ٹیکنالوجیز، ڈیجیٹل سلوشنز اور اسمارٹ مینو فیکچرنگ کے خصوصی سٹالز توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس کے علاوہ فارماسیوٹیکل مشینری، خام مال، لیبارٹری آلات، جدید پیکیجنگ سلوشنز اور ٹیکنالوجی اَپ گریڈیشن سے متعلق مصنوعات بھی نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
ایونٹ کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور ایکسپورٹ نیٹ ورکنگ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ نمائش پاکستان کی فارما برآمدات میں اضافے، صنعتی مسابقت میں بہتری اور جدید دور کی تقاضوں کے مطابق فارما انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
DATE . Dec/1/2025


