
گوادر: 27 ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے گوادر کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں سی پیک کی اسٹریٹیجک اہمیت، گوادر پورٹ کے محفوظ آپریشن اور ساحلی پٹی کی نگرانی کے نظام پر آگاہی دی گئی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) گوادر نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی اور علاقے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
دورے کے دوران چائنا بزنس سینٹر گوادر میں خصوصی سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں گوادر پورٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جی او سی گوادر نے کہا کہ امن و استحکام کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری، تجارت اور مقامی ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کی روک تھام، اسمگلنگ کنٹرول اور ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے مربوط آپریشنز مسلسل جاری ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
شرکاء نے مکران ڈویژن میں قیامِ امن، محفوظ ماحول کی فراہمی اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پاک فوج کی کاوشوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے علاقے میں مثبت مستقل تبدیلی، سرمایہ کاری کے امکانات اور مثالی سیکیورٹی مینجمنٹ کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
دورے کے دوران شرکاء نے پاکستان پوائنٹ گوادر اور پاکستان نیول شپ کا بھی معائنہ کیا۔
DATE . Nov/20/2025
