کوئٹہ۔ 03 دسمبر (اے پی پی):معذوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے آرمی پبلک اسکول میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور آرمی پبلک اسکول کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سال عالمی سطح پر معذور افراد کی قیادت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر سید ابرار تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں کمانڈنگ آفیسر (سی او) احتشام، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن، ڈی آئی جی پولیس مکران رینج پرویز عمرانی، سوشل ویلفیئر آفیسر عبیداللہ بلوچ اور مختلف شعبہ جات کے افسران شامل تھے۔
تقریب میں مختلف قسم کی معذوریوں سے متاثرہ بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اے ڈی ایچ ڈی، ڈاؤن سنڈروم، نابینا بچوں اور دیگر اسپیشل بچوں نے قرآن کی تلاوت، حمد و نعت، میوزک، اور ڈانس کے ذریعے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بزرگ موسیقار ناکو فیروز، جو ایک معذور ہونے کے باوجود اپنے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں، نے سرود اور تمبورے پر شاندار پرفارمنس پیش کی، جس نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں دوسروں کا خیال رکھنا شامل ہے، اور معذور افراد کی دیکھ بھال ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ پہلے معذور افراد کی ضروریات کو اتنی اہمیت نہیں دے سکے جتنی دینی چاہیے تھی، لیکن اس تقریب کے ذریعے ان کی آگاہی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے معذور بچوں کو “کہکشاں کے خوبصورت ستارے” قرار دیا اور وعدہ کیا کہ معذوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مستقل بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ڈی آئی جی پولیس پرویز عمرانی نے اسپیشل بچوں کو معاشرے کا سب سے زیادہ نظرانداز شدہ طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ ان افراد کے ساتھ محبت، احترام، اور تعاون کا مظاہرہ کرے۔مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر سید ابرار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں تمام طبقوں کی شمولیت ضروری ہے،
اور اسپیشل بچوں کی قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنا معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔اسپیشل پرسن آرگنائزیشن کے صدر شکیل غریب اور سوشل ویلفیئر آفیسر عبیداللہ بلوچ نے معذور افراد کے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔ آخر میں تقریب کے دوران معذور افراد میں وہیل چیئرز اور اسپیشل بچوں کو انعامات تقسیم کیے گئے۔ شرکائ نے معذوروں کے مطالبات سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔یہ تقریب نہ صرف اسپیشل بچوں کے لیے ایک خوشگوار لمحہ تھی بلکہ معذور افراد کے حقوق اور مسائل کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنے کی ایک کامیاب کوشش بھی ثابت ہوئی۔
DATE . DEC /4 /2024